وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبہ سندھ کے لینڈ ریونیو ریکارڈ کو
بہتر انداز سے محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں
بورڈ آف ریونیو پر بڑی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جدید کمپیوٹرائز
نظام کے ذریعے اسکی مکمل حفاظت کرے تاکہ زمین کے مالکان اور کھاتیداروں کو
کوئی دشواری پیش نہ آسکے۔یہ بات انہوں نیگزشتہ روز ریونیو ہاس شیریں جناح
کالونی کراچی میں سندھ کے لینڈریونیو ریکارڈ کیلئے قائم کردہ کمپیوٹرائزڈ
پروگرام کی افتتاحی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعلیٰ سندھ نے
ہدایت کی کہ لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائز سسٹم کے تحت درست طریقے سے محفوظ
بنانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے تاکہ زمین مالکان کو انکے اصل اور صحیح
دستاویزات کے حصول میں مدد مل سکے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ریونیوکے پرانے
دستاویزات و اندراجات اس وقت خستہ حالت میں ہیں، لہٰذامتعلقہ افسران کو
چاہیے کہ وہ ان دستاویزات کی نقول کے داخلے اور ترتیب کو درست رکھنے کیلئے
ترجیحی بنیادوں پر توجہ دیں۔ سید قائم علی شاہ نے کہاکہ حکومت سندھ توقع
رکھتی ہے کہ اس کمپیوٹرائز سسٹم کے فعال ہونے سے محکمہ ریونیو کی کارکردگی
میں مزید بہتری آئے گی۔افتتاحی تقریب میں دیگر کے علاوہ صوبائی وزیر خزانہ
شرجیل انعام میمن، چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر عطا محمد پہنور، سیکرٹری اطلاعات
سندھ سید صفدر علی شاہ اور بورڈ آف ریونیو سندھ کے افسران نے شرکت کی۔
No comments:
Post a Comment