Tuesday, 28 February 2012

کلک، دوستی ختم: خواتین مردوں سے آگے



خواتین آن لائن اور سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس پر موجود دوستوں کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہٹاتی رہتی ہیں۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق خواتین ان ویب سائٹس پر اپنی پرائیویسی سیٹنگز کو بھی زیادہ سخت رکھتی ہیں۔
ایک امریکی ادارے  Pew Research Center کی طرف سے انٹرنیٹ اور امریکی طرز زندگی کے حوالے سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق ایسا مواد آن لائن ڈالنے کا رحجان جس پر مستقبل میں پچھتانا پڑے، عورتوں کی نسبت مردوں میں دو گُنا زیادہ ہے۔ یہ سروے گزشتہ برس اپریل سے مئی کے دوران کیا گیا اور اس کے لیے 2277 بالغ افراد سے سوالات کیے گئے۔
اس سروے کے مطابق سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ استعمال کرنے والوں میں سے 63 فیصد نے گزشتہ ایک برس کے دوران لوگوں کو اپنے دوستوں کی فہرست سے خارج کیا۔ یہ تعداد 2009ء میں 56 فیصد تھی۔
ایسی خواتین جنہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنا پروفائل بنا رکھا ہے، ان میں 67 فیصد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دوستوں کی فہرست سے لوگوں کو نکالا۔ ان کے مقابلے میں ایسے مردوں کی شرح 58 فیصد رہی۔
تحقیق کے مطابق فیس بُک کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے تحقیق کے مطابق فیس بُک کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے
اگر بات کی جائے ان رابطہ ویب سائٹس پر موجود پروفائل کی پرائیویسی کی تو 58 فیصد افراد اپنی سیٹنگز اس طرح رکھتے ہیں کہ ان کا پروفائل صرف لسٹ میں موجود ان کے دوست ہی دیکھ سکیں۔ 19 فیصد دوستوں کے دوستوں تک اپنے پروفائل کو کُھلا رکھتے ہیں جبکہ 20 فیصد کی سیٹنگ پبلک ہوتی ہے یعنی اُس سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ کا کوئی بھی صارف ان کا پروفائل دیکھ سکتا ہے۔ اس تحقیق کے مطابق 67 فیصد خواتین اپنے پروفائل کو پرائیویٹ رکھتی ہیں جبکہ ایسے مردوں کی شرح 48 فیصد ہوتی ہے۔
Pew Research Center کی طرف سے کیے جانے والے سروے سے معلوم ہوا کہ خواتین کے مقابلے میں مردوں کی طرف سے ایسا، مواد، تصاویر یا ویڈیوز آن لائن ڈالنے کی شرح دو گنا رہی جن پر بعد میں انہیں پچھتانا پڑا۔ سروے میں شامل کُل افراد میں سے 11 فیصد کا کہنا تھا کہ انہیں نے ایسی ویب سائٹس پر پوسٹ کیے گئے مواد پر پچھتاوا ہوا۔ ایسے مردوں کی تعداد 15فیصد تھی جبکہ ان کے مقابلے میں خواتین کی تعداد صرف آٹھ فیصد رہی۔
اس تحقیق میں شامل کیے جانے والے افراد میں 93 فیصد کا کہنا تھا کہ فیس بُک پر ان کا پروفائل موجود ہے، جبکہ 2009 میں یہ شرح 73 فیصد تھی۔ فیس بُک کے مقابلے میں مائی اسپیس نامی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ موجود سروے میں شامل افراد میں سے 23 فیصد نے مائی اسپیس پر اپنا پروفائل رکھا ہوا ہے، جبکہ 2009 میں یہ شرح 48 فیصد تھی۔

ڈوئچے ورلڈ

No comments:

Post a Comment